گوجرانوالہ (ڈیلی اردو ) محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے گوجرانوالہ میں مقابلے کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں نے خودکش جیکٹس پہنی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے گوجرانوالہ میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، ہلاک دہشتگردوں کو ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مارے گئے داعش تنظیم کے سرغنہ ذیشان کے ساتھی بتائے جاتے ہیں۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے ہلاک دہشتگرد کی شناخت عبدالرحمان اور کاشف کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان نے لاہور میں ذیشان کے گھر پناہ لے رکھی تھی۔ ساہیوال واقعہ کے بعد دہشتگرد اسکے گھر سے فرار ہو گئے، حساس اداروں کی مدد سے ذیشان کے گھر سے مفرور دہشتگردوں کا سراغ لگایا گیا، ہلاک دہشتگردوں نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد سابق چیف جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کے بھیجتے آئی ایس آئی کے انسپکٹر عمر مبین جیلانی قتل میں ملوث تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خلیل کی فیملی کو ذیشان سے متعلق کچھ معلوم نہیں تھا، ذیشان کا مقصد متاثرہ فیملی کی مدد سے دھماکا خیزمواد خانیوال پہنچانا تھا۔ ساہیوال کے قریب ذیشان کے ہمراہ موٹرسائیکل سوار دہشتگرد بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی نے ساہیوال میں بھی گاڑی پر فائرنگ کرتے ہوئے دو خواتین سمیت چار افراد کو مبینہ طور پر دہشت گرد قرار دے کر قتل کر دیا تھا تاہم بعد ازاں یہ مقابلہ جعلی نکلا اور حقیقت سامنے آئی کہ مارے جانے والے افراد چونگی امر سدھو لاہور کے رہائشی تھے اور شادی پر بورے والہ جا رہے تھے۔