اسلام آباد (ش ح ط) معتبر ذرائع کے مطابق ڈرون طیارے نے پاک افغان سرحد کے قریب علاقے اسماعیل خیل میں حملہ کیا اور ایک مکان پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں دو بچے ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبہ خوست کے نواحی گاؤں اسماعیل خیل میں ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں دو بچے ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ڈرون طیارے نے مفتی فاروق نامی شخص کے گھر کو نشانہ بنایا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈرون حملے میں دو بچے ہلاک ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق زخمی شخص کی شناخت مفتی فاروق کے نام سے ہوئی جو پاکستان کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں شدت پسند بتایا جاتا ہے۔ جبکہ مفتی فاروق کی بیوی کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ آج صبح سے ہی پاکستانی سرحد کے قریب علاقوں پر جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری تھیں۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق طالبان نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
حکام کے مطابق مکان کو افغان و پاکستانی شدت پسند ایک مرکز کے طور پر استعمال کرتے تھے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے مفتی فاروق کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے ۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق ڈرون حملے میں مکان کے دو سے تین کمرے منہدم ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔