سی ٹی ڈی کی پشاور میں کارروائی، تین دہشت گرد گرفتار، دستی بم اور اسلحہ برآمد

پشاور (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی حکومت پشاور کے علاقے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ چند دہشت گرد قبائلی ضلع خیبر اور پشاورشہر کے سنگم پر کسی دہشتگردی کی کاروائی کی غرض سے داخل ہوئے ہیں ۔

اس خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی کی آپریشن ٹیم نے ضلع خیبر سے پشاور شہر میں داخل ہونے والے ممکنہ راستوں پر ناکہ بندیاں عمل میں لا کر رنگ روڈ نزد الحرم ٹاؤن لنک روڈ پشاور پر مقابلے کے بعد تین دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں محمد اعجاز، وصال خان اور محسن خان شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 6 دستی بم، ایک ایس ایم جی بمعہ 22 گولیاں، میگزین اور دیگر اسلحہ سمیت تین موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں جبکہ کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد موقع سے فرار ہوگیا۔

سی ٹی ڈی پشاور نے گرفتار دہشتگردوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں