راولپنڈی + بنوں (ک م/نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے 2 انتہائی مطلوب کمانڈر مارے گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع بنوں کے علاقہ جانی خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بنیاد پر سرچ آپریشن جاری تھا کہ دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی۔ بھرپور جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کا کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے انتہائی اہم کمانڈر تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
مارے گئے دہشت گرد پولیس، سیکیورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث تھے۔
علاقے کے مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں انٹیلی بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔