ساہیوال + لاہور + اسلام آباد (ڈیلی اردو/ ویب ڈیسک ) ساہیوال میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کی نئی ویڈیو منظر عام پر آ گئی، ویڈیو فلم میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سی ٹی ڈی کے اہلکار گاڑی کے پاس کھڑے ہیں۔
گاڑی سے پہلے بچوں کو اتارا گیا پھر سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے گاڑی میں موجود افراد پر سیدھی فائرنگ کردی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے گاڑی کو روک کر بچوں کو گاڑی سے اتارا اور بچوں کو سڑک کے ایک طرف کھڑا کرکے گاڑی پر سیدھی فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خلیل اسکی بیوی، 13 سالہ بیٹی اور اس کا دوست ذیشان موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
سی ٹی ڈی کے اہلکار کارروائی کے بعد لاشوں، بچوں اور ان کا سامان پولیس کی گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق چاروں افراد کو قریب سے گولیاں لگیں، کار ڈرائیور ذیشان کو 10 گولیاں ماری گئیں۔ 13 سالہ بچی اریبہ کو 6 گولیاں لگیں جبکہ والدہ نبیلہ بی بی کو 4 اور والد خلیل کو 13 گولیاں لگیں۔
واقعے میں زخمی تنیوں بچوں کو لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی عمیر اور منیبہ کو لاہور کے جنرل ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ بچی ہادیہ کو ہسپتال سے گھر بھجوا دیا گیا ہے، عمیر کی ٹانگ پر گولی لگی، منیبہ کا ہاتھ گاڑی کا شیشہ لگنے سے زخمی ہوا۔
وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہمے ہوئے بچوں، جن کے والدین کو انکی آنکھوں کے سامنے گولیوں سے بھون ڈالا گیا کو دیکھ کر ابھی تک صدمے میں ہوں۔ اپنے بچوں کے بارے میں ایسی صدمہ انگیز صورتحال کے تصور ہی سے کوئی بھی والدین پریشان ہوجائیں گے۔ ریاست اب ان بچوں کا ذمہ لے گی اور انکی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔
اگرچہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ دہشت گردی کیخلاف نمایاں خدمات سرانجام دے چکا ہے تاہم قانون کی نگاہ میں سب برابر ہیں۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ آتے ہی اس کی روشنی میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ اپنے تمام شہریوں کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔
معروف قانون دان نعیم بخاری نے ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مکمل ویڈیو دیکھیں جس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے پولیس والوں نے بیگناہ افراد کو مارا ہے گاڑی ایک سائیڈ پر کھڑی ہے اور پولیس والے گاڑی پر فائرنگ کر رہے ہیں اور بچوں کو ساتھ لیکر جا رہے ہیں۔
اگر پھر بھی ان پولیس والوں کو بےقصور ثابت کیا گیا تو خان صاحب آپ کی حکومت بھی چند روز کی مہمان ہو گی۔