جاپان میں فائرنگ اور چاقو حملے، 2 پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک

ٹوکیو (ڈیلی اردو) جاپان کے شہر ناکانو میں نقاب پوش حملہ آور نے ایک عمارت میں داخل ہوکر چار افراد کو نشانہ بنایا جن میں سے 3 ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے شہر ناکانو کی ایک عمارت میں سیاہ لباس اور ٹوپی پہنے، نقاب اور سن گلاسز لگائے ملزم ایک ہاتھ میں بندوق اور دوسرے میں چاقو لیے ہوئے تھا۔

حملہ آور نے پہلے ایک خاتون پر چاقو کے وار کیے اور جب وہ گر گئیں تو ان پر گولیاں برسادیں۔ پولیس اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنھیں دیکھ کر حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ملزم کو پکڑنے کی کوشش میں ایک شہری زخمی بھی ہوا تاہم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے شہریوں کو گھر میں رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ملزم ابھی ان ہی گلیوں میں کہیں چھپا ہے۔

تاحال ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔ جاپان میں دنیا میں بندوق سے حملے کے جرائم سب سے کم ہوتے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں