کرائسسٹ چرچ (ڈیلی اردو) النورمسجد کے پیش امام نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ نیوزی لینڈ کی سوچ کوشیطانی نظریے کے تحت نقصان کی کوشش ناکام بنادی اور نفرت اور انتہا پسندی کو شکست ہوگئی۔
دنیا بھرکے مسلمانوں سے یکجہتی کرتے ہوئے پورے نیوزی لینڈ کے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو پرآج براہ راست اذان نشرکی گئی۔ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے پارک میں جمعہ کی اذان کے بعد دومنٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن اور دیگر وزرا سمیت مختلف مذاہب کے افراد مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کے لیے پارک میں موجود رہے۔
نیوزی لینڈ میں خطبہ جمعہ میں النورمسجد کے پیش امام نے خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ کے لیے نئی زندگی ثابت ہوا، نیوزی لینڈ کی سوچ کو شیطانی نظریے کے تحت نقصان کی کوشش ناکام بنا دی، نفرت اور انتہا پسندی کوشکست ہوگئی، ہمارے دل ٹوٹے ہیں لیکن ہم نہیں ٹوٹے، نیوزی لینڈ کوتوڑا نہیں جاسکتا، ہم ایک ہیں اورنیوزی لینڈ کےعوام کا اظہار یکجہتی غیر معمولی ہے۔
پیش امام نے وزیراعظم نیوزی لینڈ سے اظہار یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمنی ایک دن کی بات نہیں، آپ کی قیادت دنیا بھرکے لیے سبق ہے، کوئی ہمیں تقسیم کرے ہم ایسی اجازت نہیں دیں گے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے پارک میں جمعے کی ادائیگی کے بعد مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کی اورکہا کہ آج پورا نیوزی لینڈ خوف زدہ ہے جب کہ انہوں نے حضورپاک ﷺ کی حدیث مبارک بھی پڑھ کرسنائی۔