لاہور:پاک فوج کو نشانہ بنانے والوں کو گھروں سے نکلنے نہیں دیں گے، حافظ طاہر محمود اشرفی

لاہور (ڈیلی اردو) چیئرمین پاکستان علماء کونسل طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سال سے پاک فوج کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، حکومت اور ریاست درمیان سے نکل جائے ہم انہیں گھروں سے نہیں نکلنے دیں گے۔

لاہور میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ جنہوں نے توڑ پھوڑ کی اور جنہوں نے ذہن سازی کی انہیں بھی پکڑیں، ملک میں علماء مارے گئے لیکن حکومت کی مخالفت میں نعرے نہیں لگے۔ زرداری صاحب نے بےنظیر کے قتل کے بعد کہا تھا پاکستان کھپے، ہمیں کہتے ہیں تم فوج کی حمایت کرتے ہو مجھے اس پر فخر ہے۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ زلمے خلیل کو کبھی عافیہ صدیقی یاد نہیں آئی، زلمے خلیل زاد کو انسانی حقوق کی بڑی فکر ہے عافیہ کی نہیں، تمہارے آباؤ اجداد کے خلاف ہم دوبارہ میدان میں نکلیں گے، ہم نے ٹوٹی پھوٹی جوتی پہن کر سپر پاور کو شکست دی، ہم نے دنیا کی بڑی طاقتوں کو پاش پاش کر دیا۔

طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ کوئی سیاسی جماعت بنتی ہے یا ٹوٹتی ہے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، سیاست میں جو اچھا ہوگا اسے ووٹ دیں گے۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ جناح ہاؤس کہنے پر لوگوں کو بڑی تکلیف ہوتی ہے، قائد کا گھر جلا دیا گیا اور انہیں مذمت کرتے شرم آ رہی ہے، وقت آگیا ہے ریاست ایسا کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، توڑ پھوڑ کرنے والوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، کسی بےگناہ کو سزا نہیں ہونی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں