اسلام آباد (ڈیلی اردو/اے پی پی) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن تباہ کرنے، دہشت گردی کرنے والوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے لئے اب چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر پاک افغان سرحد پاراچنار پہنچ گئے۔ فوجیوں سے عید اور ملاقاتیں کرینگے۔ #Parachinar #Pakistan
— Shabbir Hussain Turi (@ShabbirTuri) June 29, 2023
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نےآج عید کا دن پاکستان اور افغانستان کے سرحدی مقام پارا چنار میں فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ’وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر نے عید کی نماز فوج کے افسروں اور جوانوں کے ساتھ ادا کی اور انھیں عید کی مبارکباد پیش کی۔‘
وزیراعظم نے فوج کے اعلیٰ جذبے، عسکری تیاری اور اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی۔
جوانوں اور افسران سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ’چیف آف آرمی سٹاف کے ساتھ آج میں عید کا دن آپ کے ساتھ گزار رہا ہوں تاکہ مادروطن کی سرحدوں کی جرأت وبہادری سے حفاظت کرنے والے اپنے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں اورجذبوں کو خراج تحسین پیش کروں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’آج میں آرمی، ایئر فورس اور بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی خدمت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آہنی عزم کے ساتھ وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فرض نبھاتے ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن تباہ کرنے، دہشت گردی کرنے والوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے لئے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔‘
بیان کے مطابق ’وزیر اعظم نے کہا ’پاکستانی قوم نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنادیا، اُن قوتوں کو شکست ہوئی جو اپنے مذموم ایجنڈے کے لئے قوم میں تقسیم اور دراڑپیدا کرنا چاہتے تھے۔‘