دمشق (ڈیلی اردو) شام نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیل سے داغے گئے میزائل ’سالو‘ کو طیارہ شکن میزائل کی مدد سے ہوا میں ہی تباہ کردیا ہے۔
اسرائیل نے حالیہ مہینوں میں شام کے ایئرپورٹس اور فضائیہ کے اڈوں پر حملے تیز کر دیے ہیں جس کیلئے اسرائیلی حکومت نے جواز دیا ہے کہ ایران کی جانب سے شام اور لبنان کے اتحادیوں بشمول حزب اللہ کو ہتھیار پہنچانے کے لیے فضائی سپلائی کو روکا جا سکے۔
شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ فضائی دفاع نے ملک کے وسطی حصوں میں اسرائیل کے میزائلوں کو روکا اور ان میں سے بیشتر کو مار گرایا ہے۔ شامی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے کچھ حصوں پر پرواز کرنے والے میزائل حمص شہر کے آس پاس کے مقامات پر گرے جس کے نتیجے میں صرف مادی نقصان ہوا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بھی شام کی جانب سے داغے گئے طیارہ شکن میزائل کی تصدیق کی، فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام کے فضائی اڈے جہاں سے میزائل داغا گیا اور دیگر اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔