اسلام آباد (ڈیلی اردو/وی او اے) سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نو مئی کے واقعات میں پہلے سے درج پانچ مقدمات میں نامزد کر دیا گیا ہے۔
عمران خان کو فوجی ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو اور خفیہ ادارے ‘آئی ایس آئی’ کے حمزہ کیمپ پر حملوں کے خلاف راولپنڈی کے دو مختلف تھانوں میں درج مقدموں میں نامزد کیا گیا ہے۔
جی ایچ کیو پر شرپسندوں کے حملے کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ آر اے بازار جب کہ آئی ایس آئی کے حمزہ کیمپ پر حملے کا مقدمہ تھانہ نیوٹاؤن میں درج ہے۔
جی ایچ کیو حملے کے مقدمے میں سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت سمیت 15 افراد پہلے ہی نامزد ہیں۔
وائس آف امریکہ کے مطابق نو مئی کے واقعات میں پہلے سے گرفتار افراد کے بیانات کی روشنی میں عمران خان کو بھی ان مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔
چیئرمین تحریکِ انصاف کو فیصل آباد میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملے سمیت میانوالی میں پاکستان ایئر فورس بیس پر چڑھائی اور گوجرانوالہ میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں بھی نامزد کیا گیا ہے۔
نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے ملک بھر میں احتجاج کیا تھا۔ پرتشدد مظاہرین نے اسی روز لاہور کے کور کمانڈر ہاؤس اور جی ایچ کیو سمیت فوج کی کئی تنصیبات اور کئی دیگر سرکاری عمارتوں میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔