برلن (ڈیلی اردو/رائٹرز/اے ایف پی/ڈی پی اے) یوکرین تنازعے کے باعث اپنا ملک چھوڑ کر جرمنی پہنچنے والے زیادہ تر یوکرینی باشندے جرمنی میں طویل المدتی قیام کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یوکرین سے جرمنی پہنچنے والے مہاجرین میں سے دو تہائی یا تو جرمن زبان سیکھنے میں مصروف ہیں یا جرمن لینگوئج کورس مکمل کر چکے ہیں۔ جرمنی کے ڈی آئی ڈبلیو برلن انسٹیٹوٹ، وفاقی وزارت برائے ترک وطن اور مہاجرت اور وفاقی انسٹیٹیوٹ برائے تحقیقِ آبادی کے ایک مشترکہ سروے میں سات ہزار یوکرینی باشندوں کی رائے لی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ اس مطالعے میں شامل دو تہائی یوکرینی باشندے یا تو اپنا جرمن لینگوئج کورس مکمل کر چکے تھے یا اس وقت زبان سیکھ رہے تھے۔ اس سروے کے مطابق ایسے یوکرینی باشندے جن کے پارٹنرز یوکرین ہی میں رہ گئے ہیں، وہ اپنے وطن واپس جانے کے زیادہ خواہش مند تھے۔
اس سروے کے مطابق 18 فیصد یوکرینی باشندے جرمنی میں ملازمت تلاش کر چکے ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ سروے سے ایک فیصد زائد بنتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سروے کے لیے یوکرینی باشندوں کی رائے رواں برس جنوری سے مارچ کے دوران لی گئی۔
یہ بات اہم ہے کہ یوکرینی تنازعے کے آغاز سے اب تک قریب ایک ملین یوکرینی باشندے جرمنی پہنچ چکے ہیں۔ اس سروے کے مطابق زیادہ تر یوکرینی باشندے اب جرمنی میں اپنی پرائیوٹ رہائش کا انتظام کر چکے ہیں۔