لاہور (ویب ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ بلاول اپنے والد کیلئے اپنی سیاسی چتا جلا کر زیرو ہو گئے، برڈ لور ہوں کسی کی جان لینے کا سوچ بھی نہیں سکتا. کراچی سے پشاور تک17 سو کلومیٹر طویل نیا ٹریک ڈالنے جا رہے ہیں ، ایم ایل ون کے دستخط کے بعد ریلوے ٹریک کا جال بچھا دیں گے۔
وفاقی وزیر شیخ رشید نے نوشہرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کو ٹرین مارچ کی اجازت دے دی گئی ہے، جب ہم ٹرین مارچ کرنے جا رہے تھے تو اجازت نہیں دی گئی، آج جن کو ٹرین دی ہے وہ اپنے گریبان میں جھانکیں۔ بلاول اپنے والد کیلئے اپنا سیاسی مستقبل ختم کر رہے ہیں، کرپشن کے خلاف باہرنکلتے تو وہ قومی ہیرو ہوتے۔ بلاول اپنے والد کی خاطر اپنی سیاسی چتا جلا رہے ہیں۔
انھوں نے پیپلز پارٹی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میں برڈ لور ہوں کسی کی جان لینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ شیخ رشید نے 30 جون سے پہلے جھاڑو پھرنے کی بھی پیش گوئی کر دی، ان کا کہنا تھا کہ چور رہیں گے یا پھر چوکیدار رہیں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے ریلوے پر کوئی توجہ نہیں دی، عمران خان کی قیادت میں ریلوے میں انقلاب لائیں گے۔ ٹورازم کی ٹرین بحال کرنے جا رہے ہیں، درگئی کا ٹریک ہمارے حوالے ہو گیا تو وہاں تک ٹرین چلائیں گے۔ کراچی سے پشاور تک17 سو کلومیٹر نیا ٹریک ڈالنے جا رہے ہیں، ایم ایل ون کے دستخط کے بعد ریلوے ٹریک کا جال بچھا دیں گے۔