لندن (ڈیلی اردو)برطانوی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی فوج کی لاکھوں حساس ای میلز ٹائپنگ کی غلطی سے روس کے اتحادی ملک مالی کو بھیج دی گئیں۔
ڈومین میں ٹائپنگ کی معمولی غلطی سے برسوں سے امریکی فوج کی ای میلز مالی کو جاتی رہی ہیں، امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ای میل کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کا ڈومین mil. اور مالی کا ڈومین ml. ہے، امریکی فوج کی مالی کو جانے والی ای میلز میں پاس ورڈز، میڈیکل ریکارڈز، فوجی تنصیبات کے نقشے، فوجی افسران کی سفری تفصیلات جیسی حساس معلومات شامل تھیں۔
خبر کا پہلی بار انکشاف کرنے والے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ مالی کے قومی ڈومین کا نظام چلانے والے ڈچ شہری زیوربیئر نے 10 سال پہلے اس مسئلے کی نشاندہی کی تھی۔
زیویئر حالیہ مہینوں میں مبینہ طور پر ہزاروں غلط ای میلز چیک کر چکے ہیں اور بار رہا امریکی حکام کی توجہ اس سنگین غلطی کی جانب مبذول کراچکے ہیں۔
اب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع اس معاملے سے آگاہ ہے اور فوجی ای میلز غلط ڈومینز پر نہ بھیجے جانے کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے ہیں۔