اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کی وزارت داخلہ نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی اور کراچی میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔
پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد کے محکمہ داخلہ کے ساتھ ساتھ جیل خانہ جات نے وزارت داخلہ کو خط لکھ کر ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کی سفارش کی تھی۔
وزارت داخلہ نے درخواست قبول کرتے ہوئے ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 کا استعمال کرتے ہوئے گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی حدود سمیت تمام صوبوں میں انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت ملک بھر میں فوج، فوجی تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت داخلہ نے تمام صوبوں سمیت آزاد کشمیر حکومت کو بھی مراسلہ بھجوا دیا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنی تعداد مسلح افواج کے دستے تعینات کیے جائیں گے۔
کراچی میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی
ادھر دوسری جانب حکومت سندھ نے عاشورہ کے پیش نظر صوبے میں 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔
صوبائی سیکریٹری داخلہ اعجاز علی شاہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے یکم محرم الحرام سے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد صوبے میں لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال، دیواروں پر قابل اعتراض چاکنگ اور اشتعال انگیز بینرز اور پوسٹرز لگانے پر بھی پابندی ہو گی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ کسی کو بھی ہتھیار ساتھ لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
اس کے علاوہ بغیر اجازت کسی بھی قسم کے تعزیتی جلوس، ریلی، مجالس پر پابندی کے ساتھ ساتھ محرم کے جلسے جلوسوں، مجالس اور تعزیوں کے علاوہ پانچ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے کو بھی ممنوع قرار دے دیا ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب میں بھی ماہ محرم کے دوران امن و امان کی صورتحال کو درپیش خطرات کے پیش نظر 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ رپورٹس ملی ہیں کہ پنجاب میں محرم الحرام کے موقع پر شرپسند اور سماج دشمن عناصر کی طرف سے امن و امان اور فرقہ وارانہ رواداری کو نقصانا پہنچایا جا سکتا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا تھا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کی جارہی ہے۔