اسرائیلی فوج پر فائرنگ: جوابی کارروائی میں تین فلسطینی عسکریت پسند ہلاک

تل ابیب + غزہ (اے پی/اے ایف پی) مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی علاقے کے شہر نابلوس میں اسرائیلی دستوں کے ہاتھوں منگل پچیس جولائی کے دن تین مشتبہ فلسطینی عسکریت پسند مارے گئے۔ فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے کہا ہے کہ تینوں ہلاک شدگان اس کے ارکان تھے۔

نابلوس ویسٹ بینک کے مقبوضہ فلسطینی علاقے کا تجارتی صدر مقام بھی ہے اور اسرائیل کی فوج کی طرف سے ان مسلح کارروائیوں کا ایک بڑا ہدف بھی، جو عسکریت پسند فلسطینیوں کے خلاف کی جاتی ہیں اور جن میں حالیہ کئی ہفتوں میں خاصی تیزی آ چکی ہے۔

اسرائیل اور عسکریت پسند فلسطینیوں کے مابین حالیہ چند برسوں میں جس خونریزی میں کافی تیزی آ چکی ہے، یہ تینوں نئی ہلاکتیں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔

اسرائیلی فوجیوں پر مبینہ فائرنگ

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ان تین مشتبہ فلسطینی عسکریت پسندوں کو ویسٹ بینک کے شمالی حصے کے شہر نابلوس میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اسرائیلی سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان فلسطینیوں نے ایک گاڑی سے پہلے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کی تھی، جس کے جواب میں اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کر کے انہیں ہلاک کر دیا۔

مختلف خبر رساں اداروں کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ نابلوس شہر کے الطور نامی علاقے میں پیش آیا۔ ہلاک شدگان سیاہ رنگ کی ایک اسکوڈا گاڑی میں سوار تھے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان مشتبہ عسکریت پسندوں نے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ نابلوس کے مضافات میں ایک پہاڑی علاقے میں قائم ایک یہودی بستی کے قریب کی تھی۔

اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ اس واقعے کے بعد جب ان فلسطینیوں کی گاڑی کی تلاشی لی گئی، تو اس میں سے تین ایم سولہ طرز کی رائفلیں بھی ملیں، جو ضبط کر لی گئیں۔

ہلاک شدگان حماس کے ارکان تھے

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ اس واقعے کے بعد فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے کہا کہ تینوں ہلاک شدگان اس کے ارکان تھے۔ ان میں سے ایک نابلوس کی یونیورسٹی میں حماس کے طلبہ ونگ کا سربراہ بتایا گیا ہے۔ فلسطینی طبی ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں کی عمریں 32، 33 اور 43 برس تھیں۔

مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی علاقے کے کئی شہروں اور قصبوں میں حالیہ ہفتوں اور مہینوں میں عسکریت پسند فلسطینیوں کی طرف سے اسرائیلی آباد کاروں اور فوجیوں پر حملوں میں کافی تیزی دیکھی گئی ہے۔ اسی طرح ویسٹ بینک میں بھی مختلف مقامات پر اسرائیلی فوج کی مسلح کارروائیوں میں تیزی آ چکی ہے۔

رواں ماہ ہی اسرائیلی فوج نے ویسٹ بینک کے علاقے میں ایک ایسا دو روزہ لیکن بڑا آپریشن کیا تھا، جس دوران بارہ فلسطینی اور ایک اسرائیلی فوجی مارے گئے تھے۔ یہ کارروائی گزشتہ تقریباﹰ دو عشروں کے دوران مغربی کنارے کے مقبوضہ علاقے میں کی جانے والے شدید ترین اسرائیلی فوجی کارروائی تھی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں