لندن (ویب ڈیسک) کبوتروں کی دوڑ میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے کبوتر ارمانڈو کو 17 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام کردیا گیا ہے۔
کبوتروں کی نیلامی کرنے والے ادارے پیپا کے مطابق تین بار طویل سفر کی دوڑ کے فاتح کبوتر ارمانڈو کو نیلام کردیا گیا ہے، چین سے تعلق رکھنے والے کبوتر کے ایک شوقین نے اس کو 17 لاکھ پاؤنڈ میں خرید لیا ہے۔
نیلام گھر پیپا نے ارمانڈو کو طویل فاصلے تک پرواز کرنے والا بہترین کبوتر قرار دیا تھا اور اس کی رفتار کو دیکھتے ہوئے اس کبوتر کو برطانوی فارمولہ کار ریسر کے فاتح کے نام پر ’کبوتروں کا لیوس ہیملٹن ‘ کا نام بھی دیا گیا ہے۔
5 سالہ ارمانڈو اب ریٹائرڈ ہوگیا ہے تاہم اگلی چیمپئن شپ کے لیے اس کے بچوں کو تیار کیا جا رہا ہے، ارمانڈو نے ایس پیجن ریس 2018، پیجن اولمپک 2019 اور اینگولومے ریس اپنے نام کی ہے۔
ارمانڈو کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف ایک گھنٹے میں نیلامی مکمل ہوگئی اور یہ اب تک فروخت ہونے والا سب سے مہنگا کبوتر ہے۔