علی مسجد خودکش واقعہ کے خلاف کل ملک بھر میں یوم مذمت منایا جائے گا، مولانا طاہر اشرفی

فیصل آباد (ڈیلی اردو) چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ خیبر کے علی مسجد میں دہشتگردی کے افسوسناک واقعہ پر ہمارے دل بہت دکھی ہیں، حکومت ذمہ داروں کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ خیبر کے علی مسجد دہشتگردی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، کل ملک بھر میں خیبر مسجد دہشتگردی واقعہ کیخلاف یوم مذمت منایا جائے گا اور خطبہ جمعہ کے دوران مذمتی قراردادیں بھی پیش کی جائیں گی۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی نے مزید کہا ہے کہ امن و امان کے قیام کیلئے حکومت کو تمام مسالک کے علماء کرام و اکابرین کا ہر ممکن تعاون حاصل ہے، محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے علماء کرام کا کردار قابل ستائش ہے۔

مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کو باہمی اتحاد سے شام اور یمن نہیں بننے دیا، علماء کرام کے تعاون سے بیرونی طاقتوں کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دیں گے، بد قسمتی سے کچھ قوتیں مسلسل پاکستان میں بد امنی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، کیوں 9 مئی کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو سزا نہیں دی جا رہی؟، جب ملزمان کو سزائیں عام عدالتیں نہیں دیں گی تو پھر فوجی عدالتیں تو بنیں گی، 10 محرم کے بعد 9 مئی کے ملزمان کو سزا نہ ملنے پر ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں