لبنان: فلسطینی دھڑوں میں تصادم، کمانڈر اشرف العرموچی سمیت 11 افراد ہلاک، 50 سے زائد زخمی

بیروت (ڈیلی اردو) لبنان کے سب سے بڑے فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں دو گروپوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران 11 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی حکام نے بتایا کہ جنوبی بندرگاہی شہر سیڈون کے قریب لبنان کے سب سے بڑے فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں جھڑپوں کے دوران کم از کم 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے جبکہ فلسطینی دھڑے الفتح کی جانب سے کمانڈر اشرف العرموچی اور ان کے چار ساتھیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

فلسطینی حکام نے بتایا کہ عین الحلوہ کیمپ میں لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب ایک نامعلوم بندوق بردار نے مسلح گروپ کے رکن محمود خلیل کو قتل کرنے کی کوشش کی اور اس کے بجائے اس کے ایک ساتھی کو ہلاک کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق عین الحلوہ کیمپ اپنی لاقانونیت کے لیے جانا جاتا ہے اور وہاں تشدد کوئی معمولی بات نہیں ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کیمپ میں تقریباً 55,000 لوگ رہتے ہیں جو 1948 میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے رہنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔

لبنان کے نگراں وزیر اعظم نجیب میقاتی نے جھڑپوں کی مذمت کی اور ان کے وقت کو موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی تناظر میں مشکوک قرار دیا۔

میقاتی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم فلسطینی قیادت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سلامتی کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوج کے ساتھ تعاون کریں اور سکیورٹی میں مداخلت کرنے والوں کو لبنانی حکام کے حوالے کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں