خار (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں 3 روز قبل ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے افراد کی تعداد 63 تک جا پہنچی ہے۔
باجوڑ میں جے یو آئی کنونشن کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 63 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ 123 افراد اب بھی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔#BajaurBlast #Bajaur #Pakistan https://t.co/LbeiaGsjMX
— Shabbir Hussain Turi (@ShabbirTuri) August 2, 2023
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی جانب سے باجوڑ دھماکے میں ہلاک اور زخمی افراد کے اعداد و شمار سامنے آگئے۔ ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار ڈاکٹر لیاقت علی نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد 63 ہوگئی۔
ڈاکٹر لیاقت علی کا مزید کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد خار ہسپتال میں 43 افراد کی میتیں لائی گئیں۔ 13 میتیں جائے وقوعہ سے ورثا اپنے ساتھ لے گئے، 4 افراد سی ایم ایچ پشاور جبکہ 2 تیمر گرہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
انہوں نے کہا کہ 1 شدید زخمی شخص ایل آر ایچ پشاور میں دورانِ علاج انتقال کرگیا جبکہ 3 ناقابلِ شناخت میتیں امانتاً دفن کردی گئی ہیں۔ دھماکے میں زخمی افراد کی تعداد 123 ہے جنہیں تاحال طبی امداد دی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ دھماکے کے تناظر میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے سوال کیا کہ انٹیلی جنس کے 26 ادارے کہاں غائب ہیں؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔