شارجہ (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو شکست دے کر پانچ میچوں کی سریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کا 285 رنز کا ہدف محض 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا، کپتان ایرون فنچ نے مسلسل دوسرے میچ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنائی اور کیریئر بیسٹ اننگ کھیلتے ہوئے 155 رنز بنا کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروادیا، ان کی اننگز میں نصف درجے چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔
انہوں نے عثمان خواجہ کے ساتھ مل کر 209 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ بھی فراہم کیا، عثمان خواجہ 88 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے جب کہ میکسویل 19 رنز پر پویلین لوٹے، شان مارش 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
لیگ اسپنر یاسر شاہ واحد اسپنر تھے جنہوں نے ایک وکٹ حاصل کی، ان کے سوا کوئی بولر وکٹ حاصل نہ کرسکا۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام پہلے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ شان مسعود بھی 19 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
پہلے میچ کے سنچری میکر حارث سہیل نے محمد رضوان کے ساتھ ملکر 52 رنز کی شراکت قائم کی لیکن حارث 34 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد عمر اکمل بیٹنگ کے لیے آئے اور وہ بھی 16 رنز بنانے کے بعد ناتھن لیون کو غلط شارٹ مارتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔
کپتان شعیب ملک اور محمد رضوان کے درمیان 112 رنز کی شراکت قائم ہوئی اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کی، شعیب ملک 60 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، وہ 115 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین ون ڈے ڈیبیو کیا، ان کو محمد عامر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔
Debutant Muhammad Hasnain getting his ODI cap from the head coach Mickey Arthur ahead of the second #PAKvAUS ODI. pic.twitter.com/5AwqCz4Y1r
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) March 24, 2019
واضح رہے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹوں کے شکست دی تھی۔