روس کی فوج میں بھرتی کیلئے قازقستان میں آن لائن اشتہار

آستانہ (ڈیلی اردو/رائٹرز) قازقستان میں انٹرنیٹ صارفین کو روسی فوج میں شامل ہونے کیلئے فوری 5 ہزار 3 سو ڈالر معاوضے کی پیشکش والے اشتہارات موصول ہو رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق روس اور قازقستان کے پرچموں سے مزین آن لائن اشتہارات میں 4 لاکھ 95 ہزار روسی روبل یعنی 5 ہزار 300 امریکی ڈالر کے معاوضے کا وعدہ کیا جا رہا ہے۔

یہ معاوضہ ان افراد کو دیا جائے گا جو روس کی فوج کے ساتھ کنٹریکٹ سائن کریں گے۔

اس کے علاوہ ایک لاکھ 90 ہزار روبل یعنی 2 ہزار امریکی ڈالر ماہانہ تنخواہ اور چند غیر اعلان شدہ مراعات بھی شامل ہیں۔

یہ اشتہار ایک روسی ویب سائٹ جاری کر رہی ہے جو یوکرین جنگ کیلئے روس کی فوج میں شمولیت کیلئے بھرتیاں کرتی ہے، ویب سائٹ کے دفاتر روس میں ہیں۔

قازقستان کی وزارت انفارمیشن اور سوشل ڈیولپمنٹ نے خبر ایجنسی کے رابطہ کرنے پر اس اشتہاری مہم کے متعلق بات نہیں کی۔

خیال رہے کہ قازقستان کی حکومت یوکرین جنگ میں روس کی حمایت نہیں کرتی۔

قازقستان سابق سوویت یونین کی ریاست ہے جہاں 30 لاکھ سے زائد روسی نسل کے شہری رہائش پذیر ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں