خیبر: دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، باڑہ میں امن جلسہ

پشاور (ڈیلی اردو/وی او اے) صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے ملحقہ قبائلی ضلع خیبر کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات کے خلاف تحصیل باڑہ کے مرکزی بازار میں خیبر امن جلسے کا انعقاد کیا گیا جس سے مقامی سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

’باڑہ سیاسی اتحاد‘ کے اس امن جلسے میں شرکا نے ہاتھوں میں سفید جھنڈے تھامے ہوئے تھے جن پر لفظ ’امن‘ درج تھا۔

جلسے میں مبینہ طور پر پشتون تحفظ تحریک (پی ٹی ایم) سے منسلک ایک فرد نے’ پختونستان‘ کا جھنڈا بھی لہرایا البتہ منتظمین نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے جھنڈا وہاں سے ہٹا دیا۔

امن جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی جنرل سیکریٹری سردار حسین بابک، مسلم لیگ (ن) کے شہاب الدین خان، پشتون تحفظ موومنٹ کے منظور پشتین، باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر شاہ فیصل آفریدی نے خطاب کیا۔

مقررین کا مطالبہ تھا کہ حکومت اور فورسز علاقے میں امن قائم کرنے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ وادیٴ تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے کیوں کہ ضلع خیبر کے عوام مزید نقل مکانی کی متحمل نہیں ہیں۔

امن جلسہ کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ تیراہ میں جن جگہوں پر فوج یا ایف سی تعینات ہے ان زمینوں کا معاوضہ دیا جائے۔

یہ بھی کہا گیا کہ بلا ضرورت چیک پوسٹوں کا خاتمہ کیا جائے جب کہ تیراہ میدان کی مسجد سے آرمی اور ایف سی کو نکال کر مسجد کو عوام کے لیے کھول دیا جائے۔

مقررین نے کہا کہ تیراہ کے انٹرنیلی ڈسپلیسڈ پرسنسز (آئی ڈی پیز) یعنی اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنے والوں کا جلد سروے کرکے ان کو اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت دی جائے اور ان کےنقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

تیراہ میں تاجروں کے نقصان کا ازالہ کرنے اور علاقے میں بھتہ خوری کی روک تھام پر بھی زور دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں ہونے والے بم دھماکوں کو روکا جائے۔ عوام کو تحفظ فراہم کرکے ٹارگٹ کلنگ ختم کی جائے۔

رواں سال 25 جولائی کو وادی تیراہ میں ’باڑہ سیاسی اتحاد‘ کے زیر اہتمام امن مارچ منعقد کیا گیا تھا جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ 12 اگست کو باڑہ بازار میں امن جلسے کا انعقاد کیا جائے گا جب کہ ضلع خیبر میں قیامِ امن کے لیے اس طرح کے امن مارچ و جلسوں کا انعقاد کیا جائے۔

دوسری طرف کوکی خیل قوم نے بھی جمرود بازار میں قیامِ امن کے لیے امن جلسے کا اعلان کیا ہے تاہم اس کی تاریخ پر تاحال اتفاق نہیں ہوا۔

باڑہ میں ’خیبر امن جلسے‘ کے موقع پر پولیس کے جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔

ضلعی انتظامیہ نے چند روز قبل سیاسی اور سماجی اجتماعات پر دفعہ 144 کے تحت پابندی بھی عائد کی تھی۔

ہفتے کے روز دفعہ 144 کے خلاف ورزی کرنے کے بارے میں ابھی تک انتظامیہ نے کسی قسم کے ردِ عمل ظاہر نہیں کیا۔

چند روز قبل دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کرنے والے تحریکِ انصاف کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں