باجوڑ میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا

خار (نمائندہ ڈیلی اردو/ٹی این این) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا ہے۔ تھانہ وڑہ ماموند کی حدود کس کریوانڈ میں شرپسند عناصر کی طرف سے چھپائے گئے 9 عدد راکٹ میزائل محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیئے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسند عناصر کی طرف سے علاقہ کس کریوانڈ میں بارودی مواد کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نذیر خان کی ہدایت پر سرکل ڈی ایس پی ستار خان کی قیادت میں انچارج بم ڈسپوزل سکواڈ ایس ائی احسان اللہ بمعہ ٹیم نے بر وقت کارروائی کرکے چھپائے گئے بارودی مواد کو کامیابی کیساتھ محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا کر علاقے کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

یاد رہے کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران باجوڑ سکاؤٹس کے ہمراہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے نتیجے میں پولیس بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں نے ضلع بھر کے مختلف مقامات سے شرپسند عناصر کی طرف سے چھپائے گئے بھاری مقدار میں مختلف اقسام کا بارودی مواد برآمد کرکے ناکارہ بنایا ہے جسمیں ماٹر گن، IED، ماٹر گولے، RPG-7، ہینڈ گرنیڈ اور تخریب کاری میں استعمال ہونے والا دیگر سازو سامان شامل ہیں۔

واضح رہے ایک روز قبل سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں کاروائی کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے چار دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کیا ہے۔ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوا تھا۔

شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ ہلاک اور گرفتار دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، دہشتگرد بے گناہ شہریوں کے قتل اور خودکش دھماکوں میں بھی سرگرم عمل تھے۔

اس سے قبل 31 جولائی کو بھی باجوڑ کے علاقے خار میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں خودکش دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 63 افراد ہلاک اور 123 زخمی ہوئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں