اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں سیکورٹی فورسز کے قافلے کے قریب ایک دھماکے میں 12 مزدور ہلاک ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فوجی قافلے کے قریب دھماکے میں 12 سے زائد مزدور ہلاک ہوگئے۔ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔#Razmak #NorthWaziristan #Pakistan
— Shabbir Hussain Turi (@ShabbirTuri) August 19, 2023
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ شوال کے علاقے گل میر کوٹ کے قریب ایک گاڑی میں ہوا جس کے نتیجے میں 12 مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور 3 افراد لاپتہ ہوگئے جبکہ 2 مزدوروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ریحان گل خٹک کے مطابق دہشت گردوں نے ایک گاڑی کو باردوری مواد سے اڑایا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 12 مزدور ہلاک ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا ہے کہ دھماکا تحصیل شوال کے ایک دور افتادہ علاقے میں ہوا ہے۔ دھماکا گل میر کوٹ کے قریب ایک سویلین گاڑی کے قریب ہوا جس میں مزدور سرکاری تعمیراتی کام سے واپس آ رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ 2 مزدور شدید زخمی جبکہ 3 تاحال لاپتہ ہیں، جبکہ اندھیرے کے دوران امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق گاڑی میں 16/17 مزدور سوار تھے، واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمیوں کا تعلق جنوبی وزیرستان کی تحصیل مکین اور وانا سے تھا۔
واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔