اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ملٹری پولیس کا اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی شب پشاور کے علاقے حیات آباد کے فیز سیون میں تاتارا کے مقام پر پیش آیا۔
تاتارا پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ ملٹری پولیس کے اہلکار خورشید خان گھر سے نکل کر ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ تاتارا کے قریب مسلح افراد نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس سے وہ موقعے ہی پر ہلاک ہو گئے۔
انھوں نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور آس پاس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گيا ہے۔
36 سالہ خورشید خان قبائلی ضلع خیبر کے علاقے بر قمبر خیل کے رہائشی تھے۔
پشاور میں ملٹری پولیس کے اہلکار کی نماز جنازہ ہفتے کی صبح خیبر کے علاقے شلوبرمیں ادا کی گئی جس میں فوج اور پولیس کے اعلی افسران نے شرکت کی۔
ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔