جاسوسی کا الزام: روس نے امریکی قونصل خانے کا عہدیدار گرفتار کرلیا

ماسکو (ڈیلی اردو) روس نے امریکی قونصل خانے کے سابق عہدیدار کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

روس کا الزام ہے کہ رابرٹ شونوف نامی عہدیدار نے امریکی سفارتکاروں کو معلومات فراہم کیں۔

رابرٹ شونوف روس کا شہری ہے جو ولادیووسٹوک نامی شہر میں قائم امریکی قونصل خانے میں کام کرتا تھا۔

روس کی خفیہ ایجنسی فیڈرل سیکیورٹی سروس کا کہنا ہے کہ رابرٹ نے یوکرین میں جنگ اور روس کے 2024 میں مجوزہ صدارتی انتخابات کے حوالے سے معلومات امریکا کو فراہم کیں۔

خفیہ ایجنسی نے کہا کہ اس نے رابرٹ شونوف کو مئی میں گرفتار کرکے اس کی غیرقانونی کارروائیاں روک دی تھیں۔

خفیہ ادارے کا کہنا ہے کہ وہ رابرٹ کے ساتھ رابطے میں رہنے والے امریکی سفارتخانے کے عہدیداران سے بھی تفتیش کرے گا۔

امریکی سفارتخانے نے مئی میں بیان دیا تھا کہ رابرٹ شونوف کے خلاف الزامات خلافِ قائدہ ہیں۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ رابرٹ کا کام صرف یہ تھا کہ وہ روس کی میڈیا رپورٹس کا خلاصہ کرکے فائل کرتا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں