سعودی شہزادے کا سانحہ کرائسٹ چرچ شہداء کےورثا کیلئے10 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

ریاض (ڈیلی اردو) سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والوں کے ورثاء کے لیے سعودی شہزادہ ولید بن طلال نے دس لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی شہزادے ولید بن طلال نے سانحہ کرائسٹ میں شہید ہونے والوں کے ورثا کے لیے دس لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے، یہ بات الولید برائے انسانی امداد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہی۔

شہزادہ ولید بن طلال نے امدادی رقم کا اعلان کے ساتھ لواحقین سے اظہار تعزیت اور ان شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر سے سانحہ کرائسٹ چرچ سانحہ کے بعد سے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے، دو روز قبل پیرس کے ایفل ٹاور کی بتیاں بھی وقت سے پہلے بجھا دی گئی تھیں۔

یاد رہے کہ 15 مارچ جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے جنوبی جزیرے پر موجود مسجد النور میں ایک سفید فام شخص داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 50 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے شہداء کے اہل خانہ سے مل کر اظہار ہمدردی کیا اور پوری دنیا میں شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا، برج خلیفہ پر بھی جسنیڈا آرڈرن کی تصویر لگا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

خیال رہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید اردن کے شہری کی والدہ بیٹے کی جدائی کا غم برداشت نہیں کرسکی تھیں اور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئی تھیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں