بلوچستان: گوادر میں پاکستان نیوی کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو افسران اور اہلکار ہلاک

اسلام آباد (ڈیلی اردو رپورٹ) صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ہیلی کاپٹر حادثہ ہوا ہے جس میں پاکستان بحریہ کے دو افسران اور ایک جوان ہلاک ہو گئے ہیں۔

اس ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ لیفٹیننٹ کمانڈر جواد، معاون پائلٹ لفٹیننٹ کمانڈر حمزہ اور ٹیکنیشن حسنین شامل ہیں۔

سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بحریہ کے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حادثے کی وجوہات کا ابھی علم نہیں ہو سکا ہے۔

نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے بھی گوادر میں نیوی ہیلی کاپٹر حادثہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بلوچستان میں ایک سال کے دوران ہیلی کاپٹر کریش کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل 26 ستمبر 2022 کو صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے قریب خوست میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثے میں دو پائلٹس سمیت چھ فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

اس ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد کے علاوہ نائیک جلیل، صوبیدار عبدالوحید، سپاہی محمد عمران اور سپاہی شعیب شامل تھے۔

اس سے قبل کراچی سے متصل بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کریش ہوا تھا۔

اس حادثے میں سابق کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حینف، بریگیڈیئر محمد خالد سمیت چھ اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

یہ واقعہ یکم اگست 2022 کو ضلع لسبیلہ کے علاقے ساکران کے پہاڑی علاقے میں اس وقت پیش آیا تھا جب سابق کور کمانڈر ضلع میں سیلاب متائثرین کے لیے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لینے کے بعد کراچی جارہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں