خوشاب (نمائندہ ڈیلی اردو) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے صوبہ پنجاب کے ضلع خوشاب میں چھاپہ مار کر ہنڈی حوالہ کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے 35 لاکھ روپے سے زائد کی کرنسی برآمد کرلی۔
ایف آئی اے نے ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا کارروبار کرنے والے صراف کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر ملکی و ملکی کرنسی برآمد کر کے ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ترمیمی ایکٹ اور ضابطہ فوجداری کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی اے نے ملازم عثمان غنی کو گرفتار کر لیا جبکہ بااثر مالکان عمر اور خرم شہزاد کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مقدمہ نمبر c/92/23 کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کو مخبر نے اطلاع دی کہ مین بازار خوشاب میں عمر جیولرز ہنڈی اور غیرقانونی طور پر کرنسی ایکسچینج کے کارروبار میں ملوث ہے اگر ریڈ کیا جائے تو بھاری مقدار میں غیر ملکی و ملکی کرنسی برآمد ہوسکتی ہے جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر سرگودہا کی ہدایت پر انسپکٹر شمس خان گوندل، بلال خان اے ایس و معاوز حنیف نے ریڈ کیا اور دکان کی تلاشی کے دوران 100 سعودی ریال، 200 امریکی ڈالر، 19000 کے پرائز بانڈ، 35 لاکھ 53 ہزار روپے سے زائد پاکستانی کرنسی اور چار عدد موبائل فون برآمد کرلیے۔
ایف آئی آر کے مطابق دکان سے ملازم عثمان غنی کو گرفتار کر لیا جبکہ دکان کے مالکان کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔