کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مدرسے کے معلم اور طالبعلم سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک این کرسٹل شادی ہال کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 3 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر عباسی شہید ہسپتال لیجایا گیا جہاں زخمیوں کی شناخت 42 سالہ مولانا حافظ خرم شہزاد، 20 سالہ مدنی اور 40 سالہ نوید کے نام سے کی گئی۔
ملزمان نے مدرسے کے قاری خرم شہزاد کو سر اور سینے میں چار گولیاں ماریں جس کی وجہ سے ان کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر دو زخمی خطرے سے باہر ہیں۔
اس حوالے سے ایس ایچ او تیموریہ فیصل رفیق نے بتایا کہ زخمی ہونے والے نوید اور مدنی نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ وہ کھارادر سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے اور واپس جا رہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جبکہ مولانا حافظ خرم مدرسے کے معلم ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ چھینا جھپٹی کا نہیں ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔