بین الاقوامی فضائی مشق برائٹ سٹار 2023 اختتام پذیر

قاہرہ (ڈیلی اردو) مصر کی محمد نجیب ملٹری بیس پر منعقدہ بحری، بری اور فضائی افواج پر مشتمل بین الاقوامی فضائی مشق برائٹ اسٹار 2023، جس میں پاک فضائیہ نے کامیابی سے شرکت کی، اختتام پذیر ہو گئیں۔ دو ہفتوں پر محیط اس مشق میں کل 30 ممالک نے حصہ لیا جن میں پاکستان، امریکا، برطانیہ، سعودی عرب، عمان، اردن، یونان اور قطر سمیت دیگر ممالک شریک ہوئے۔

مشق میں شامل پاک فضائیہ کے دستے اور اس کے جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کامیاب شرکت نے نہ صرف علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے پاک فضائیہ کے عزم کو تقویت بخشی بلکہ متنوع اور چیلنجنگ ماحول میں اسکی کارکردگی اور بھرپور صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔

ترجمان پی اے ایف کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق 1977 میں امریکہ اور مصر کے مابین دو طرفہ تربیتی پروگرام کے طور پر شروع ہونے والی برائٹ سٹار ایک قابل ذکر بین الاقوامی مشق کی حیثیت سے جانی جاتی ہے۔ اس مشق نے بین الاقوامی افواج کے مابین باہمی کاروائیوں کو بہتر بنا کر ان ممالک کے مابین علاقائی ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیئے مشترکہ تربیت کو فروغ دیا ہے۔

پاک فضائیہ نے مشق کی اسٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر اور علاقائی استحکام و بین الاقوامی تعاون کے اپنے عزم کی تائید کرتے ہوئے ان مشقوں میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ ایئر و گرانڈ عملے پر مشتمل پاک فضائیہ کے دستے نے مشق کے دوران غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے فخر پاکستان جے ایف-17 تھنڈر طیارے کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

مشق کے دوران سخت تربیت اور حقیقت پر مبنی فضائی جنگ کے منظرناموں کے پیش نظر پاک فضائیہ نے اس فضائی مشق میں اپنی بھرپور آپریشنل تیاری اور عصر حاضر کے سٹریٹجک چیلنجز سے نمٹنے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اس انتہائی اہم مشق میں پاک فضائیہ کی نمایاں شمولیت عالمی امن اور سلامتی کے حوالے سے اسکے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں