اسلام آباد (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت پر سماعت آج ہو گی۔ سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کے حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ دوران سماعت سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
جاری سیکورٹی اعلامیہ کے مطابق کمرہ عدالت نمبر ایک میں محدود نشستوں کے باعث خصوصی سیکیورٹی پاسز جاری کیے جائیں گے جبکہ کمرہ عدالت میں صرف وکلا، درخواست گزار، فریقین اور صحافیوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عدالتی کارروائی دیکھنے کے خواہشمند شہری ایس پی سیکیورٹی سپریم کورٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ سماعت کے دوران وکلا اور صحافیوں کو بھی کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت ہو گی۔