مسلح گروہوں کے بڑھتے کردار سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرہ ہے، سعودی وزیر خارجہ

نیو یارک (ڈیلی اردو) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بحران پیدا کرنے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے میں ریاست کے فریم ورک سے باہر مسلح گروہوں کے بڑھتے ہوئے کردار سے خبردار کردیا۔

سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ شہزادہ فیصل نے یہ بیان عرب سربراہی اجلاس ٹرائیکا اور یو این جنرل اسمبلی میں وزارت خارجہ کی سطح پر منعقد غیر رسمی مذاکراتی سیشن کے دوران تقریر کے بعد دیا ہے۔

شہزادہ فیصل نے کہا ہے کہ جس آسانی کے ساتھ ان گروہوں کے پاس جدید تکنیکی ذرائع اور ہتھیار آ رہے ہیں، یہ صورتحال ریاستی اداروں کو کمزور کر رہی ہے۔ ان گروہوں کا اثر و رسوخ جغرافیائی سرحدوں سے تجاوز کر رہا ہے جو سلامتی اور استحکام کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلح گروپوں کے نقصان کو محدود کرنے کے لیے ان کے خلاف سنگین اور سخت اقدامات کرے۔ عرب اجلاس کا ٹرائیکا الجزائر، سعودی عرب اور بحرین پر مشتمل ہے۔

شہزادہ فیصل نے سیشن کے دوران یہ بھی کہا کہ مملکت یمنی فریقوں کے درمیان بات چیت کی منتظر ہے۔ یہ بات چیت یمن میں سلامتی اور استحکام لانے میں کردار ادا کرے گی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں