16

سیالکوٹ، سکھر، ڈی جی خان، رحیم یار خان اور بہاولپور کے ایئرپورٹس کھول دیےگئے

کراچی (نیوز ڈیسک) ایک ماہ تک بند رہنے والے سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کے ایئرپورٹس کھول دیے گئے جس کے بعد مذکورہ ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر کھول دی جس کا نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا گیا۔ کئی روز سے بند سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کے ایئرپورٹس پر بھی فضائی آپریشن بحال کردیا گیا۔

قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے مذکورہ شہروں کے لیے اپنا فضائی شیڈول بحال کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے اپنے فضائی شیڈول کے مطابق ان شہروں سے پروازوں کا آغاز کر رہی ہے۔ پی آئی اے اس سے پہلے ان شہروں سے روانہ ہونے والے مسافروں کو دوسرے شہروں سے منسلک پروازوں سے آمد و رفت کی سہولت فراہم کر رہی تھی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ ایئر پورٹ کا رن وے ضروری مرمت کے لیے بند ہے جس کے باعث پی آئی اے 28 مارچ کی شام سے سیالکوٹ سے اپنے فضائی آپریشن کا آغاز کرے گی۔

خیال رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کو مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا، کچھ روز بعد کراچی اور اسلام آباد سمیت کچھ ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال کردیا گیا تھا تاہم سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کی فضائی حدود تاحال بند تھی جسے آج کھول دیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں