ہنگو میں دوآبہ تھانے کی مسجد میں خودکش حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا

ہنگو (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کی تحصیل دوآبہ میں تھانے کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کا مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کر لیا گیا۔

خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 5 افراد ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوئے تھے، ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے حملہ آور کے جسم کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پہنچتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے بعد وہاں موجود سنتری نے بھی جوابی فائرنگ کی۔

ایف آئی آر کے مطابق پولیس اہلکار سعید الرحمان نے فائرنگ کرنے والے دہشتگرد سے بندوق چھین لی جس کے بعد فائرنگ کرتے ہی گیٹ کے قریب دھماکا ہوا۔

خودکش دھماکے سے متعلق داخل کی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ایک خودکش حملہ آور کو مسجد کے باہر ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران نمازی مسجد سے باہر نکلے لیکن اس دوران دوسرے خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخل ہو کر خود کو اڑا لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نماز جمعہ کے خطبہ کے دوران ہنگو کے تھانہ دوآبہ کی مسجد میں خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق 2 خودکش بمباروں نے تھانے دوآبہ میں اندر گھسنےکی کوشش کی، تھانے کے گیٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک خودکش بمبار تھانے کے گیٹ میں ہلاک ہوا۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے دھماکے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ اداروں کے حکام خود اپنی نگرانی میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے ہنگو کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں