امریکا کی جانب سے مستونگ اور ہنگو میں خودکش حملوں کی مذمت

واشنگٹن + اسلام آباد (ڈیلی اردو نمائندگان) امریکا کی جانب سے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہونے والے خودکش حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی مذمت کی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے مذمتی بیان میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہونے والے خودکش حملوں کی مذمت کرتا ہے جن میں نمازیوں سمیت دیگر افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا ہے کہ پاکستانی بلا خوف و خطر اپنے عقیدے پر عمل کرنے کے مستحق ہیں، ہم ان خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ڈی ایس پی مستونگ سمیت 59 افراد ہلاک اور 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

خودکش دھماکا مستونگ کی مدینہ مسجد کے باہر عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کیلئے جمع افراد کے درمیان کیا گیا۔ جلوس کے شرکا نعت خوانی میں مصروف تھے کہ جلوس میں شامل گاڑی کے قریب دھماکا ہوا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں ڈی ایس پی نواز گشگوری سمیت 59 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکہ ہوا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو کے مطابق دھماکے میں 5 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔

ہنگو پولیس کے مطابق دوآبہ پولیس اسٹیشن سے ملحقہ مسجد کے لان میں دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی فائرنگ سے ایک شدت پسند موقع پر ہلاک ہو گیا جب کہ دوسرے نے بھاگ کر مسجد کے اندر اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔

پولیس کے مطابق مسجد کی چھت گر گئی ہے اور تاحال 11 زخمی نمازیوں کو باہر نکال لیا گیا ہے۔

پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی مذمت

پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے مستونگ اور ہنگو میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی مذمت کی گئی ہے۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام یہ حق رکھتے ہیں کہ وہ بغیر کسی دہشت گردی کے اپنے مذہبی تہوار منا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ دہشت گردی کے مقابلے کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں