اکیس نئے کارڈینل مقرر: ’کیتھولک چرچ کو تنوع درکار ہے،‘ پوپ فرانسس

روم (ڈیلی اردو/اے ایف پی/رائٹرز/ڈی پی اے) دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ہفتہ تیس ستمبر کے روز اکیس اعلیٰ کلیسائی رہنماؤں کو ترقی دے کر کارڈینل بنا دیا۔ پوپ نے کہا کہ کیتھولک کلیسا کے بہتر مستقبل کے لیے زیادہ تنوع ناگزیر ہو چکا ہے۔

یورپی یونین کے رکن ملک اٹلی کے دارالحکومت روم سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق 86 سالہ پوپ فرانسس نے ویٹیکن سٹی کے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں آج ہفتے کے روز منعقدہ ایک مذہبی تقریب میں ان 21 سرکردہ کیتھولک رہنماؤں کو کارڈینل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ کلیسائے روم کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے زیادہ بہتر طور پر قابل بنانے کے لیے وسیع تر تنوع لازمی ہے۔

’کلیسا کے شہزادے‘

پاپائے روم فرانسس نے اس پرہجوم تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ نئے کارڈینلز کو ان کے کلیسائی عہدوں پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ اس موقع پر پوپ نے کارڈینلز کو ‘چرچ کے شہزادے‘ بھی قرار دیا۔

کیتھولک چرچ میں کارڈینل کا منصب پوپ کے بعد دوسرا اعلیٰ ترین مذہبی عہدہ ہوتا ہے۔ کوئی بھی کیتھولک رہنما جب پوپ کے منصب پر فائز ہوتا ہے، تو وہ عمر بھر کے لیے کیتھولک مسیحیوں کا روحانی پیشوا بنتا ہے۔

زیادہ تر واقعات میں پوپ کے انتقال یا پھر شاذ و نادر ہی کسی پوپ کے مستعفی ہو جانے کے بعد جب نیا پاپائے روم منتخب کیا جاتا ہے، تو وہ تب تک کوئی کارڈینل ہی ہوتا ہے اور یہ انتخاب بھی تمام کارڈینل مل کر اپنی صفوں میں سے ہی کسی شخصیت کا کرتے ہیں۔

یوں موجودہ پوپ فرانسس کے بعد ان کے جانشین کے طور پر جس نئے پوپ کا مستقبل میں کسی وقت انتخاب کیا جائے گا، وہ ممکنہ طور پر آج کارڈینل بنائی جانے والی اکیس شخصیات میں سے بھی کوئی ایک ہو سکتی ہے۔

پوپ فرانسس کے عہد کی نوویں ’کنسسٹری‘

پاپائے روم فرانسس دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی رہنما ہیں، جن کی مجموعی تعداد اس وقت تقریباﹰ 1.3 بلین بنتی ہے۔ پوپ کی طرف سے نئے کارڈینلز کی تقرری اور اس موقع پر منعقد ہونے والی کلیسائی تقریب اصطلاحاﹰ کنسسٹری (consistory) کہلاتی ہے۔

پیدائشی طور پر ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے پوپ فرانسس 2013ء میں اپنے موجودہ منصب کے لیے منتخب کیے گئے تھے۔ گزشتہ ایک عشرے کے دوران آج کی کنسسٹری کی تقریب ایسا نوواں موقع تھا کہ پوپ نے کلیسا میں اپنے عہدے کے بعد دوسرے اعلیٰ ترین منصب پر نئی شخصیات کی تقرری کی۔

اس موقع پر پوپ نے نئے کارڈینلز کو ان کی وہ روایتی انگوٹھیاں بھی پیش کیں، جو ہر کارڈینل لازمی طور پر پہنتا ہے اور ساتھ ہی ہر نئے کارڈینل کو چمک دار سرخ رنگ اور چار کونوں والی وہ ٹوپی بھی دی گئی، جو بِیرَیٹا (biretta) کہلاتی ہے۔

ویٹیکن سٹی میں آج جن 21 کیتھولک شخصیات کو نئے کارڈینل بنایا گیا، ان میں سے 18 کی عمریں 80 برس سے کم ہیں۔ ان کارڈینلز میں سے متعدد کا تعلق ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے مختلف ممالک سے ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں