لکی مروت (ڈیلی اردو/ٹی این این) کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) لکی مروت کے کمانڈر ٹیپو گل کو افغانستان میں فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ افغانستان سے آمدہ اطلاعات کے مطابق ٹیپو گل مروت کو گزشتہ روز افغان صوبے کنڑ میں مارا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے ذرائع نے اس کی تصویر فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیپوگل کو سیلاب نامی کمانڈر نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔
افغانستان کے صوبے کنڑ میں نامعلوم افراد کے حملے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر عتیق الرحمان عرف ٹیپو گل مروت مارا گیا۔ ٹیپو گل لکی مروت گروپ کا کمانڈر تھا۔ اور سیکورٹی فورسز کو درجنوں مقدمات میں مطلوب تھا۔#Kunar #Afghanistan #TTP #Pakistan #LakkiMarwat
— Shabbir Hussain Turi (@ShabbirTuri) October 11, 2023
تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے عتیق الرحمن علاقے میں ٹیپوگل کے نام سے جانے جاتے تھے۔ وہ تحریک طالبان پاکستان لکی مروت کے امیر تھے اور ٹیپو گل کے نام سے مشہور تھے۔
اس سلسلے میں ٹی ٹی پی کے مصدقہ ذرائع نے ٹی این این کو بتایا کہ کمانڈر ٹیپو گل کو افغانستان کے صوبہ کنڑ میں مارا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور جلد ہی اصل کردار کو سامنے لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹی پی نے لکی مروت میں ٹیپو گل کاروان کے نام سے پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور پولیس پر درجنوں حملے کئے ہیں۔
امسال 8 فروری 2023 کو لکی مروت پولیس نے پک اپ گاڑی میں ٹانک جانے والے ٹی ٹی پی کے ایک گروپ کو راکٹ سے نشانہ بنایا تھا جس میں 12 طالبان جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔ اگلے روز عتیق الرحمن المعروف ٹیپو گل کا اسلحہ لائسنس ادھ جلا ملا تھا۔ جس سے اس بات کو شہہ مل رہی تھی کہ ہلاک ہونے والوں میں ٹیپوگل کمانڈر بھی شامل تھا تاہم ٹی ٹی پی نے اس وقت تردید کی تھی۔