نیو یارک (ڈیلی اردو/بی بی سی) اقوام متحدہ نےاسرائیل کو ممکنہ جنگی جرائم کی وارننگ دیتے ہوئے ایک بار پھر درخواست کی ہے کہ امدادی ایجنسیوں کوغزہ تک رسائی کی اجازت دی جائے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی ترجمان روینا شمداسانی کا کہنا ہے کہ تنظیم کو تشویش ہے کہ اسرائیلی فوج کا فلسطینی شہریوں کو شمالی غزہ سے زبردستی جنوب کی طرف منتقل کرنے کا مطالبہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
اگر تنازع کے دوران کسی ملک کے جنگی جرم میں ملوث ہونے کا شک ہو تو اس معاملے کو بین الاقوامی عدالت برائے جرائم (ICC) دیکھ سکتی ہے۔
واصح رہے کہ فلسطین آئی سی سی کا رکن ہے تاہم اسرائیل نہیں۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ترجمان روینا شمداسانی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ غزہ کے متاثرہ حصوں سے انخلا کی کوششوں کے دوران شہریوں پر حملوں کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہییں۔
انھوں نے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی ’فوری اور غیر مشروط‘ رہائی کی بھی اپیل کی۔