ٹانک (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد نے انسداد پولیو مانیٹرنگ اسٹاف میں شامل خاتون سمیت چار اہلکاروں کو اغواء کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر ٹانک محمد شعیب کا کہنا ہے کہ مغویوں میں شامل خاتون ورکر اور ڈرائیور ڈرامائی انداز میں رہا کیے گئے۔
ٹانک میں جاری انسداد پولیو مہم کی سکیورٹی پر مامور ٹیم میں شامل خاتون سمیت چار افراد کو اغواء کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ٹانک محمد شعیب کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مانیٹرنگ ٹیم کے اغواء کا واقعہ کڑی عمر خان گاؤں کے مقام پر پیش آیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ نامعلوم مسلح اغواء کاروں نے چند لمحے بعد خاتون اور ڈرائیور کو چھوڑ دیا جبکہ باقی انسداد پولیو اسٹاف کے دو کارکنوں کو ساتھ لے گئے۔
ڈی پی او ٹانک افتخار شاہ کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور اغواء کاروں کا تعاقب کیا جارہا ہے۔