اسرائیل کے دمشق اور حلب ایئر پورٹ پر میزائل حملے

دمشق (ڈیلی اردو/رائٹرز) شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل نے شام پر بھی فضائی حملے کیے ہیں، میزائل حملوں میں اسرائیلی فورسز نے شام کے دو اہم ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دمشق اور حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر حملہ کیا گیا، دمشق کے ہوائی اڈے پر کم از کم دو ملازمین جان کی بازی ہارگئے جبکہ دونوں ہوائی اڈوں پر رن وے کو نقصان پہنچا جس سے وہ غیرفعال ہو گئے ہیں۔

دونوں ہوائی اڈوں پر گزشتہ ہفتے بھی اسرائیل نے حملہ کیا تھا۔

اسرائیلی حملوں کی وجہ سے شامی دارالحکومت دمشق اور شمالی شہر حلب میں حکومت کے زیرِ قبضہ ہوائی اڈوں پر پروازوں کو اتار لیا گیا ہے، یہ دوسرا واقعہ ہے کہ بیک وقت تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جب سے اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع شروع ہوا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق شام کے دمشق اور حلب کے ہوائی اڈے نہ صرف عام شہری استعمال کرتے ہیں بلکہ انھیں عسکری ضروریات کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے ، یہ ہوائی اڈا مبینہ طور پر حزب اللہ کو بھیجے جانے والے ایرانی ہتھیاروں کے لیے ٹرانزٹ پوائنٹس ہیں۔

شام میں ایک عشرے سے زیادہ کی جنگ کے دوران اسرائیل نے اپنے شمالی ہمسایہ پر سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں جن میں بنیادی طور پر ایران اور لبنانی حزب اللہ کے جنگجوؤں کے ساتھ ساتھ شامی فوج کی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں