فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کا وفد ماسکو پہنچ گیا، روسی وزارت خارجہ

ماسکو (ڈیلی اردو) غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی گروپوں کے درمیان جنگ کے 20ویں روز فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کا ایک وفد روس کے دارالحکومت ماسکو کے دورے پر پہنچا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے جمعرات کو بتایا کہ حماس کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد جس کی سربراہی تحریک کے سیاسی بیورو کے رکن موسیٰ ابو مرزوق کر رہے ہیں ماسکو کا دورہ کر رہا ہے۔

انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حماس کے نمائندے ماسکو کا دورہ کر رہے ہیں۔ جہاں تک بات چیت کا تعلق ہے ہم آپ کو اس سے متعلق بعد میں مزید آگاہ کریں گے۔

یاد رہے قبل ازیں جمعرات کو روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے کہا تھا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، لیکن غزہ کی پٹی میں شہریوں کو قتل کرنا دفاع میں شامل نہیں ہے۔

انھوں نے بتایا کہ قطر میں حماس کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد حراست میں لیے گئے یرغمالیوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کی جانب سے جنوبی اسرائیل پر ایک مہلک دہشت گردانہ حملے کے تقریباً تین ہفتے گزر جانے کے بعد بھی اس خطے میں صورتحال تاریک ہے۔ اس حملے میں تقریباً 1,400 اسرائیلی ہلاک ہوئے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔

اسرائیل اس حملے کے ردعمل میں غزہ کی مکمل ناکہ بندی کرتے ہوئے حماس کے جنگجوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس بمباری نے ایک بڑی انسانی تباہی کو جنم دیا اور حماس کے زیر انتظام غزہ میں وزارت صحت کے مطابق جمعرات تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 7,000 سے زیادہ فلسطینی شہری ہلاک ہو چکے تھے۔

حماس کے پاس اب بھی 220 سے زائد اسرائیلی یرغمالی موجود ہیں جبکہ اس دہشت گرد گروہ نے اسرائیل پر مزید راکٹ بھی داغے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں