اسرائیل کا حد سے تجاوز کرنا کسی کو بھی اس کے خلاف کارروائی پر مجبور کر سکتا ہے، ایرانی صدر

تہران (ڈیلی اردو/بی بی سی) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اسرائیل کے غزہ کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات پر متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے اب حد سے تجاوز کر لیا ہے جو کسی کو بھی اس کے خلاف کارروائی پر مجبور کر سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں ایرانی صدر رئیسی نے مزید کہا ’واشنگٹن ہم سے کچھ بھی قدم نہ اٹھانے کو کہتا ہے لیکن ساتھ ہی وہ اسرائیل کی وسیع حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

ان کے مطابق ’امریکہ نے مزاحمتی اتحاد کو پیغامات بھیجے لیکن ان کا جواب انھیں واضح طور پر میدان جنگ میں ملا۔‘

مزاحمتی اتحاد سے مراد پورے مشرق وسطیٰ میں ایران کی حمایت یافتہ فورسز کا نیٹ ورک ہے جس کا حماس ایک حصہ ہے۔

واضح رہے کہ امریکی حکام ایران کو خبردار کرتے رہے ہیں کہ وہ اسرائیل اور حماس جنگ سے دور رہے کیونکہ وہ وسیع تر علاقائی تنازع کو روکنے کا خواہاں ہے۔

لبنان میں ایران کا حمایت یافتہ حزب اللہ گروپ حالیہ ہفتوں میں اسرائیل کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کرتا رہا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں