پیرس (ڈیلی اردو/بی بی سی/اے ایف پی) فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے یمن کے حوثی باغیوں نے آج اسرائیل پر ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
جنوبی اسرائیل میں بحیرہ احمر پر ایلات بندرگاہ پر آج ایک نامعلوم ’فضا میں موجود ہدف‘ کے باعث سائرن بجنے کی اطلاع دی گئی تھی۔ اس دوران کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
غزہ میں وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سات اکتوبر کے بعد سے کم سے کم 8525 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 3542 بچے اور 2187 خواتین شامل ہیں جبکہ 130 طبی کارکنان بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔
ادھرسوموار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ نامی تنظیم کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع کے دوران اب تک 31 صحافی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 26 فلسطینی اور چار اسرائیلی صحافی ہیں۔
ان کے علاوہ ایک لبنانی صحافی بھی ہلاک ہوا ہے جبکہ آٹھ صحافی زخمی ہوئے ہیں۔ کمیٹی کے مطابق نو صحافی لاپتہ یا حراست میں ہیں۔