تل ابیب + غزہ (ڈیلی اردو/اے پی/رائٹرز) اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نےمنگل کے روز شمالی غزہ کی پٹی میں، حماس کے سرنگوں کے نیٹ ورک پر فضائی حملے کیے جب کہ جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک حملے میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیل نے شمالی غزہ میں جنگ کے دوران اپنے 11 فوجیوں کی ہلاکت بھی رپورٹ کی ہے۔ یہ غزہ میں ہونے والی جنگ میں اسرائیلی افواج کی پہلی ہلاکتیں ہیں۔
فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل رچرڈ ہیچٹ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ “اس علاقے میں حماس کا ایک بہت ہی سینئر کمانڈر تھا۔”
خبررساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہےکہ اس نے جبالیہ میں حماس کے بنیادی ڈھانچے پر وسیع حملہ کیا ہےجسکا شہری عمارتوں پر قبضہ تھا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ڈینیل ہگاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ہدف بنائی جانے والی ایک عمارت کے نیچے حماس کی زیرِ زمین تنصیب ڈھیر ہو گئی، جس سے قریبی عمارتیں گر گئیں۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں مارے گئے حماس کے کمانڈر ابراہیم بیاری نے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملے میں کردار ادا کیا تھا۔
اسرائیل نے حماس پر شہری عمارتوں کو کور کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں حماس کے متعدد جنگجو مارے گئے ہیں۔
سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے سے شروع ہونے والی موجودہ لڑائی کا کوئی فوری خاتمہ نظر نہیں آتا ۔اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے دنیا بھر سے ہونے والے جنگ بندی کے مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔
حماس کے اسرائیل پر حملے میں غیر ملکیوں سمیت 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ اسرائیل کی جوابی کارروائی میں غزہ کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق آٹھ ہزار سے زیادہ افراد مارے گئے ہیں ۔
اس سے قبل اسرائیل نے سات اکتوبر کے حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث عسکریت پسند تنظیم حماس کے ایک اہم کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز اور ڈومیسٹک سیکیورٹی سروس “شن بیٹ” نے منگل کو ایک مشترکہ بیان میں انٹیلی جینس رپورٹس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے کمانڈر نسیم ابو اجینا ایک فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ابو اجینا حماس کی شمالی بریگیڈ کی بیت لہیہ نامی بٹالین کے کمانڈر تھے۔
اسرائیلی سیکیورٰٹی حکام نے کہا ہے کہ ابو اجینا نے سات اکتوبر کو ہونے والے حملے میں ڈرونز اور پیرا گلائیڈرز کی تیاری میں حصہ لیا تھا۔
آئی ڈی ایف کے نام سے معروف اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ “اس (کمانڈر) کے خاتمے سے حماس دہشت گرد تنظیم کی زمینی فوجی کارروائیوں میں خلل ڈالنے کی کوششوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔”
قریبی ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عاطف الکہلوت نے بتایا کہ سینکڑوں زخمی یا ہلاک ہوئے ہیں لیکن انہوں نے اعداد و شمار فراہم نہیں کیے۔ کسی بھی فریق کے بیان کی غیر جانب دار ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔