کراچی (نمائندہ ڈیلی اردو) کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سندھ نے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ و بارود برآمد کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد اشرف عرف اچھو اور ذیشان حمید عرف ریاض شامل ہیں۔
حکام سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے، اور یہ کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کا سلیپر سیل چلا رہے تھے۔
انچارج سی ٹی ڈی نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ ملزمان اندرون سندھ کے تاجر کے اغوا کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے، انچارج کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں نے تاوان کی رقم سے اسلحے کی خریداری کرنا تھی۔ انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد کراچی سے روہڑی جانے والی شیعہ زائرین کے ٹرین کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
سی ٹی ڈی کے انچارج کا کہنا ہے کہ دہشت گرد افغانستان سے تربیت لے کر آئے تھے۔