اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشرے کے کم آمدن والے طبقوں کو 50 لاکھ گھرفراہم کرنے کیلئے آئندہ ماہ ایک بڑا رہائشی منصوبہ شروع کیا جائے گا۔
جمعرات کے روز اسلام آباد میں انٹرنیشنل ہاوسنگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر ایک مشکل ہدف ہے تاہم منصوبے کے آغاز کے بعد ہر سال تعمیر کئے جانے والے گھروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ اس مشکل ہدف کے حصول میں تعاون کریگا اور حکومت سہولت کار کا کام کریگی۔وزیراعظم نے کہا کہ چالیس صنعتوں کی ترقی تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ہے اور حکومت اس منصوبے میں نوجوانوں کی شمولیت اور انکی جانب سے نئی کمپنیوں کا قیام چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت غریبوں کو گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے دئیے جائیں گے جو ماضی میں صرف ایک خواب تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ہوائی اڈوں کے گردونواح کے علاوہ ہر جگہ کثیر المنزلہ عمارتیں تعمیر کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کثیر المنزلہ تعمیرات سے ہائوسنگ سوسائیٹوں کی جانب سے ضائع کی جانے والی قابل کاشت زمین بچائی جاسکے گی۔ہائوسنگ ٹاسک فورس کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فورس زمین کا موثر استعمال یقینی بنانے کیلئے سنگاپور کے طرز تعمیر سے استفادہ کریگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے قبضہ مافیا سے اراضی واگزار کرانے اور سرکاری محکموں کے ذمے واجب الادا ادائیگیاں وصول کرنے کیلئے ایک لینڈ بنک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں حکومت نے صرف قبضہ مافیا سے پانچ سو ارب روپے مالیت کی زمین واگزار کرائی۔
انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کیلئے قرضوں کی فراہمی کے ذریعے قبائلی علاقوں کو بھی فائدہ ہوگا کیونکہ یہ علاقے بدامنی سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔اس موقع پر پاکستان اور عالمی بنک کے درمیان تعمیرات کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمت کی ایک یاداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔