بھارتی کشمیر میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 5 فوجی ہلاک، 2 زخمی

سرینگر (ڈیلی اردو/اے ایف پی/این ڈی ٹی وی) بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع راجوڑی میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بھارتی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ سرینگر کے جنوب میں واقع ضلع راجوڑی میں بھارتی فوج کی دو گاڑیاں آپریشن میں مصروف تھیں جہاں ان پر فائرنگ کردی گئی۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ میں پانچ فوجی ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت بریندر سنگھ، کَرن کمار، چندن کمار، سندیپ کمار اور گوتم کمار کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں شیئم سندر داس اور ٹوڈمل بھاسکری شامل ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کے ٹرک اور ایک گاڑی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب یہ ٹرک اہلکاروں کو لے کر بیس کی جانب ایک ٹنل سے گزر رہا تھا۔

بھارتی فوج کی گاڑیوں کو پہاڑی پر گھات لگائے حملہ آوروں نے نشانہ بنایا۔ حملہ اتنا اچانک کیا گیا کہ ٹرک میں موجود بھارتی فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی علاقے میں فوجی آپریشن جاری ہے اور واقعے کی مزید تفصیلات معلوم ہونا باقی ہیں۔

ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں