اسلام آباد (ڈیلی اردو) سپریم کورٹ آف پاکستان میں لاپتہ افراد اور جبری گمشدگیوں کے خلاف کیس سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کل سماعت کرے گا۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔
اعتزاز احسن اور دیگر افراد نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔
جبری گمشدگیوں کی تاریخ اور بڑھتے واقعات
خیال رہے لاپتہ افراد کمیشن کی طرف سے اگست میں سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی ماہانہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران مزید 157 افراد لاپتہ ہوئے، جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد 9736 سے بڑھ کر 9893 ہو گئی ہے۔
کمیشن کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال سن 2022 میں ملک بھر سے لاپتہ افراد کے 860 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سب سے زیادہ تعداد اکتوبر کے مہینے میں 128 کیسز تھے۔ جبکہ رواں برس جولائی میں یہ تعداد 157 تک پہنچ چکی ہے۔